ڈھاکہ: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر محمد یونس سے اہم ملاقات کی ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس ملاقات میں پاکستان اور بنگلادیش کے تعلقات کو بحال کرنے، نوجوانوں کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے مابین کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پروفیسر محمد یونس کو نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔
ملاقات میں خطے کی موجودہ صورت حال اور علاقائی تعاون کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ اسحاق ڈار نے بنگلادیشی حکومت کی جانب سے دی گئی شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔
اسحاق ڈار کی بنگلادیش کے اہم رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔
نائب وزیراعظم نے ڈھاکہ میں بنگلادیش کے مشیر برائے خارجہ امور محمد توحید حسین سے بھی تفصیلی مذاکرات کیے۔
وزارت خارجہ کے مطابق دونوں طرف سے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر غور کیا گیا، جن میں اعلیٰ سطحی رابطے، تجارتی و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم و مہارت کی ترقی اور انسانی ہمدردی کے امور شامل تھے۔
یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اسحاق ڈار کا بنگلادیش کا یہ دورہ 13 سال بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ کا پہلا دورہ ہے، جو بنگلادیش کی حکومت کی دعوت پر کیا گیا ہے۔