پی آئی اے کا لاہور سے پیرس کی پروازیں بند کرنے کا فیصلہ

07:50 PM, 24 Aug, 2025

اسلام آباد: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے لاہور سے پیرس جانے والی پروازوں کو بند کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، پیرس سے لاہور کی جانب آخری پرواز 12 ستمبر کو روانہ ہوگی، جبکہ لاہور سے روانگی کی آخری فلائٹ 17 ستمبر کو شیڈول ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے پیرس کے لیے فلائٹ آپریشن بدستور فعال رہے گا اور اس روٹ پر معمول کے مطابق پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔

ترجمان کے مطابق، برطانیہ کے لیے فضائی سروس کی تیاریوں کے سلسلے میں بیڑے میں شامل طیاروں کی مرمت، تزئین و آرائش اور دیگر آپریشنل ضروریات کے باعث کچھ پروازوں کو عارضی طور پر معطل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے نے رواں سال 18 جون کو لاہور سے پیرس کے لیے ہفتہ وار دو پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ تاہم، دستیاب معلومات کے مطابق، پی آئی اے کے 12 بوئنگ 777 طیاروں میں سے 7 طیارے اس وقت گراؤنڈ کیے جا چکے ہیں۔ ان طیاروں کو عموماً سعودی عرب، پیرس اور ٹورنٹو کے روٹس پر استعمال کیا جاتا ہے۔

مزیدخبریں