کراچی: پی سی بی کے زیر اہتمام جاری قومی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں انوسیبلز نے سٹرائکرز کو 54 رنز سے شکست دے کر مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی، جبکہ سٹارز نے کانکرز کو 78 رنز سے ہرا کر دو مسلسل ناکامیوں کے بعد کامیابی کا ذائقہ چکھ لیا۔
این بی پی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں انوسیبلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ پلیئر آف دی میچ الزوحہ حماد نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 9 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
مناہل پرویز نے 24 جبکہ ماہا عباس نے 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ ہدف کے تعاقب میں سٹرائکرز کی بیٹنگ لائن اپ مکمل طور پر ناکام رہی اور پوری ٹیم 22.5 اوورز میں صرف 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ عریشہ انصاری 23 رنز کے ساتھ ٹیم کی ٹاپ سکورر رہیں۔
بولنگ میں ماہا عباس نے صرف 4 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ الزوحہ حماد نے بغیر کوئی رن دیے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔ اس شکست کے ساتھ سٹرائکرز کو مسلسل دوسری ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسرے میچ میں اوول گراؤنڈ، نیشنل سٹیڈیم میں سٹارز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 29.3 اوورز میں 139 رنز بنائے۔ پلیئر آف دی میچ اقصیٰ نے 48 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جبکہ قمروش نے 15 اور مہک عارف نے 12 رنز کا اضافہ کیا۔ کانکرز کی جانب سے نرجس بی بی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔
139 رنز کے ہدف کے جواب میں کانکرز کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں 61 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نسرین اشرف 11 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہیں، جبکہ ٹیم کی 10 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔
سٹارز کی جانب سے سویرا رمضان نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ افشیں نے صرف ایک رن کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کانکرز کی یہ تین میچوں میں دوسری شکست تھی۔
دونوں میچز شہر میں ہونے والی بوندا باندی کے باعث مقررہ وقت سے کچھ تاخیر کے بعد شروع ہوئے۔