نیویارک : پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تمام امور کا حل صرف مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے، اور تصادم سے گریز کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جوہری مسئلے پر ایک متبادل انتظام طے ہونے تک جوائنٹ کمپریہنسو پلان آف ایکشن (جے سی پی او اے) کے فریم ورک کو برقرار رکھا جانا چاہیے۔
عثمان جدون نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں میں سلامتی کونسل کے اندر اور باہر ایران کے جوہری پروگرام کے معاملے پر اختلافات مزید گہرے ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں مسئلے کے حل کی طرف پیشرفت مزید پیچیدہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارتکاری کو کامیاب بنانے کے لیے مزید وقت دیا جانا چاہیے۔
پاکستان کے مندوب کا کہنا تھا کہ صورتحال پہلے ہی اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزیوں اور طاقت کے یکطرفہ استعمال سے پیچیدہ ہو چکی ہے، اور اس معاملے پر پاکستان کا مؤقف بدستور وہی ہے جو ماضی میں تھا، یعنی کہ اس مسئلے کا حل مذاکرات اور مکالمے سے ہی ممکن ہے۔