رنویر سنگھ نے 'ڈان 3' میں کام کرنے سے انکار کر دیا؟

02:28 PM, 24 Dec, 2025

ممبئی : بھارتی میڈیا کے مطابق، بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ نے معروف فلمی سیریز ڈان کی اگلی فلم ڈان 3 میں کام کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ 2023 میں، اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر فرحان اختر نے ڈان 3 کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ اس بار بالی وڈ کے کنگ، شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ ڈان کے کردار میں نظر آئیں گے۔

فرحان اختر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ ڈان 3 کی شوٹنگ جلد شروع ہوگی اور شاہ رخ خان کی جگہ رنویر سنگھ کو لیا گیا ہے۔ تاہم، فلم کے اعلان کے دو سال بعد رنویر سنگھ کے ڈان 3 چھوڑنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس معاملے پر قریبی ذرائع نے بتایا کہ رنویر سنگھ دھریندر کی زبردست کامیابی کے بعد اب سنجے لیلا بھنسالی اور لوکیش کنگراج جیسے معروف فلم سازوں کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ، وہ مسلسل گینگسٹر کے کرداروں میں نظر آنا نہیں چاہتے۔

رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دھریندر کی ریلیز کے فوراً بعد رنویر کو ڈان 3 کی شوٹنگ شروع کرنی تھی، لیکن موجودہ حالات کے پیش نظر اس فلم کی شوٹنگ مؤخر کر دی گئی ہے۔ رنویر سنگھ نے اس منصوبے پر اپنے دیگر کاموں کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اب تک رنویر سنگھ یا فلم کے پروڈیوسرز کی جانب سے ڈان 3 میں رنویر کے انکار پر کوئی رسمی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

مزیدخبریں