کیلیفورنیا:امریکا کے اوسیولا کاؤنٹی سے موصول ہونے والی مبینہ اطلاع کے مطابق یوٹیوب کے ابتدائی تخلیق کاروں میں سے ایک ڈیوڈ ایڈم ولیمز 51 سال کی عمر میں چل بسے۔معروف چینل ’دی ڈیلی وو‘ کے ذریعے امریکی شہروں، تھیم پارکس، روڈ ٹرپس اور پوشیدہ مقامات کے وی لاگز بنانے والے ڈیوڈ کی موت نے یوٹیوب کمیونٹی اور مداحوں میں گہرا صدمہ پیدا کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ویلفیئر چیک کے دوران ان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہ ہوئی۔ بعد ازاں ایک قریبی دوست نے ان کے گھر کا دورہ کیا تو انہیں لاش ملی۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور موت کی اصل وجوہات تاحال سامنے نہیں آئیں، تحقیقات جاری ہیں۔
ڈیوڈ ایڈم ولیمز 2009 سے یوٹیوب پر سرگرم تھے اور ان کے دوستانہ، پرسکون انداز نے انہیں دیگر تخلیق کاروں سے ممتاز کیا، جبکہ ان کا چینل یوٹیوب کلچر کا اہم حصہ بن چکا تھا۔