چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس، دہشت گردی کے خاتمے اور قومی سلامتی پر زور

06:31 PM, 24 Dec, 2025

اسلام آباد:چیف آف ڈیفنس فورسز ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں ملکی سلامتی، دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور مسلح افواج کی قربانیوں کا جائزہ لیا گیا۔ فورم نے شہید ہونے والے افواج اور معصوم شہریوں کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

 چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان کی مسلح افواج کی غیر متزلزل جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا اور حالیہ مہینوں میں انٹیلی جنس پر مبنی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں افواج کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ حکومت اور پاک فوج کی مشترکہ کوششوں اور عوام کی حمایت سے ملک بتدریج استحکام، مواقع اور عزت و وقار کی طرف بڑھ رہا ہے۔ فورم نے ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال کا جامع جائزہ لیتے ہوئے خطرات اور آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔

شرکاء نے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور معاونین کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی، جرائم اور سیاسی مفادات کے درمیان کسی بھی گٹھ جوڑ کو یکسر مسترد کیا۔ فورم نے یہ بھی واضح کیا کہ قومی یکجہتی اور مسلح افواج و عوام کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

کانفرنس میں بلوچستان حکومت کے خصوصی ترقیاتی اقدامات کو سراہا گیا، جو عوام کو بااختیار بنانے اور دہشت گردی کے عوامل کے خاتمے میں مددگار ہیں۔ شرکاء نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دیگر علاقوں میں بھی عوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت اور فلسطین کے حق میں پاکستان کی موقف کی توثیق بھی کی، اور غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی، انسانی رسائی اور فلسطینی ریاست کے لیے قابل اعتماد راستے کا مطالبہ کیا۔

کانفرنس کے اختتام پر  چیف آف ڈیفنس فورسز  وآرمی چیف نے کمانڈرز کو آپریشنل تیاری، تربیت، جسمانی فٹنس، جدید جدتیں اور میدان جنگ میں پیشہ ورانہ مہارت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پاک فوج کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر طرح کے خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے پر اعتماد کا بھی اظہار کیا۔

مزیدخبریں