اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے، جو قومی مفاد میں ایک اہم قدم ہے۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ ماضی میں پی آئی اے کی نجکاری کی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکی تھیں، تاہم اس بار نجکاری کے تمام مراحل نہایت محنت، پیشہ ورانہ انداز اور شفاف طریقے سے مکمل کیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشکل مگر ناگزیر فیصلہ تھا، جس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری پر قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نیا سرمایہ کار قومی ایئرلائن کی پرانی شان بحال کرے گا اور پی آئی اے ایک بار پھر بلندیوں پر پرواز کرتی نظر آئے گی۔ وزیراعظم نے بولی جیتنے والے سرمایہ کار کو بھی مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس کامیاب عمل میں سید عاصم منیر کی بے پناہ کاوشیں اور خلوص شامل ہیں، جب کہ وزیر دفاع اور نجکاری کے عمل میں شامل پوری ٹیم نے بھی مثالی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم اور حکومت کی مشترکہ خواہش ہے کہ پی آئی اے دوبارہ ایک مضبوط، منافع بخش اور عالمی معیار کی ایئرلائن کے طور پر ابھرے۔