کراچی: پاک بحریہ کے زیر اہتمام "سی گارڈ 25" مشق کا آغاز ہوگیا، جو کہ پاکستان کے میری ٹائم سکیورٹی نظام کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس مشق میں پاکستان کے مختلف سرکاری اور نجی اداروں کے نمائندے شریک ہیں۔
افتتاحی تقریب کی صدارت کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈمرل فیصل امین نے کی، جنہوں نے مشق کی اہمیت اور مقاصد پر روشنی ڈالی۔ "سی گارڈ 25" کا مقصد پاکستان کے سمندری حدود کی حفاظت اور مختلف اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اس مشق میں پاکستان کوسٹ گارڈز، میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی، کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی، فشریز، شپنگ، اور این جی اوز کے نمائندے شریک ہوئے ہیں۔ اس مشق میں موجودہ سیکیورٹی طریقہ کار کو مزید بہتر بنانے کے لیے مختلف سمندری مشقیں اور مباحثے کیے جائیں گے۔
کمانڈر فیصل امین نے اس موقع پر کہا کہ یہ مشق مختلف اداروں کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گی اور سمندری سیکیورٹی کے مسائل کو مشترکہ طور پر حل کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔