لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے سرکاری جہاز کے معاملے پر ہونے والی تنقید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مخالفین کی زبان اور رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر جاری اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جہاز پر تنقید کے بہانے مخالفین نے اپنی اصل اوقات اور تربیت دکھا دی ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ونگ اور مخصوص یوٹیوبرز کو "گٹر جماعت" اور "گٹر ذہنیت کے یوٹیومر" قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عناصر ملک اور معاشرے کو ناسور کی طرح چمٹ گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے بدزبانی کے اس کلچر پر خاموشی اختیار کرنے والے حلقوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ مجال ہے جو کسی بنیادی حقوق کے علمبردار کو اس صورتحال پر ہوش آیا ہو۔عظمیٰ بخاری نے میڈیا ہاؤسز اور سینیئر اینکرز کی غیر جانبداری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا ان کی صحافتی اقدار اور تجربے نے اس بدتمیزی پر ذرا بھی جوش مارا ہے؟ انہوں نے طنزیہ طور پر کہا کہ وہ اب میڈیا کی جانب سے اس معاملے پر کسی "پرجوش سیگمنٹ" کے نشر ہونے کا انتظار کر رہی ہیں۔
اپنے موقف کی وضاحت کے لیے وزیر اطلاعات نے پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا ہینڈلز سے کی جانے والی چند متنازع پوسٹیں بھی اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کیں تاکہ عوام اس مبینہ بدتہذیبی کا خود مشاہدہ کر سکیں۔
سوشل میڈیا بدتہذیبی: عظمیٰ بخاری کا پی ٹی آئی اور خاموش تماشائیوں پر شدید ردعمل
07:43 PM, 24 Feb, 2026