ہیری بروک کی   سنچری، انگلینڈ نے پاکستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے ہرا دیا

10:04 PM, 24 Feb, 2026

پالی  کیلے: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے ایک انتہائی اہم اور سنسنی خیز مقابلے میں انگلینڈ نے کپتان ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان کا 165 رنز کا ہدف انگلش ٹیم نے آخری اوور میں حاصل کر کے سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ اوپنر صائم ایوب (7) اور کپتان سلمان علی آغا (5) جلد پویلین لوٹ گئے۔ صاحبزادہ فرحان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، جبکہ بابر اعظم نے 25 اور فخر زمان نے 24 رنز بنائے۔ شاداب خان نے آخری لمحات میں 23 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر مجموعہ 164 تک پہنچایا۔ لیام ڈاسن 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، جبکہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
165 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور سٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے قہر ڈھاتے ہوئے صرف 35 رنز پر انگلینڈ کے تین ٹاپ بیٹرز (فل سالٹ، جوز بٹلر اور جیکب بیتھیل) کو پویلین بھیج دیا۔ جب انگلش ٹیم مشکلات کا شکار تھی، کپتان ہیری بروک نے مردِ آہن کا کردار ادا کیا۔ انہوں نے صرف 51 گیندوں پر 100 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ول جیکس 28 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔
پاکستان نے میچ میں واپسی کی بھرپور کوشش کی اور انگلینڈ کی 8 وکٹیں گرا دیں، تاہم انگلش ٹیم آخری اوور میں ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔
پاکستان نے اس میچ کے لیے فہیم اشرف کی جگہ شاہین آفریدی کو شامل کیا تھا، جنہوں نے اپنی شمولیت کو درست ثابت کرتے ہوئے ابتدائی کامیابیاں دلائیں، مگر ہیری بروک کی غیر معمولی اننگز نے پاکستانی بولرز کی تمام کوششوں پر پانی پھیر دیا۔

    

مزیدخبریں