پرویز خٹک اور ان کی کابینہ نے استعفے دینے سے انکار کیا ہے : داور کنڈی

پرویز خٹک اور ان کی کابینہ نے استعفے دینے سے انکار کیا ہے : داور کنڈی


اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رکن اسمبلی داور کنڈی نے کہا ہے کہ ارکان اسمبلی کے استعفے جمع کرانے سے متعلق عمران خان نے غلط بیانی کی، پرویز خٹک اور ان کی کابینہ نے استعفے دینے سے انکار کیا ہے، عمران خان ارکان پارلیمنٹ کو سیاسی نوٹنکی سمجھتے ہیں۔


میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے داور کنڈی نے کا کہنا تھا کہ پرویز خٹک پشاور میٹرو سمیت مختلف جاری منصوبے مکمل کرنا چاہتے ہیں، ترقیاتی منصوبے مکمل نہ ہوئے تو پی ٹی آئی کی انتخابی مہم متاثر ہو سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے کسی رکن اسمبلی نے عمران خان کو استعفے جمع نہیں کرائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سی ای سی اجلاس میں شاہ محمود، چودھری سرور، محمودالرشید کا نہ آنا اختلافات کا عندیہ ہے۔


یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے گزشتہ روز دعوی کیا تھا کہ تمام ارکان اسمبلی نے ان کے پاس استعفے جمع کروا دیئے ہیں جس پر مشاورت کے بعد اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔انکوائری کے مطالبے پر عمران خان نے ایم این اے داور کنڈی کو شوکاز دیا تھا، داور کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان واقعے کی آزادانہ انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔