کراچی:کنوینر عوام پاکستان پارٹی اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ گل پلازہ جیسے سانحات سے سبق حاصل کرنا ناگزیر ہے، مگر بدقسمتی سے ایسے واقعات کی تفتیش روایتی انداز میں کی جاتی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لیے کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اصل توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ مستقبل میں اس نوعیت کے سانحات سے کیسے بچا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف تحقیقات کافی نہیں، بلکہ نظام میں عملی اصلاحات کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبے کو بے معنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اس مطالبے کا مقصد سمجھ نہیں آتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیا صوبہ بنانے یا کراچی کو وفاق کے ماتحت کرنے جیسے اقدامات آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں، اور ایسے بیانات محض سیاسی نعرے ہیں۔