ممبئی : اداکار سہیل خان سے طلاق کے کئی سال بعد، سیما سجدیہہ نے اپنی علیحدگی کی اصل وجوہات اور طلاق کے بعد اپنی زندگی میں ہونے والی تبدیلیوں پر پہلی بار کھل کر بات کی۔ سابق جوڑے نے 1998 میں شادی کی تھی اور 2022 میں اپنی راہیں جدا کرلیں۔ ان کے دو بیٹے، نیروان اور یوہان ہیں جن کی دونوں مل کر پرورش کر رہے ہیں۔
ایک انٹرویو میں سیما نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کی شادی ہوئی تھی تو وہ اور سہیل دونوں بہت کم عمر تھے اور اس وقت انہیں یہ سمجھنے کا مکمل ادراک نہیں تھا کہ وقت کے ساتھ زندگی اور انسان کس طرح بدلتے ہیں۔ "جب ہماری شادی ہوئی، ہم دونوں بہت چھوٹے تھے۔ میں صرف 22 سال کی تھی۔ جیسے جیسے ہم بڑے ہوئے، ہمارے خیالات بدل گئے اور ہم مختلف سمتوں میں بڑھنے لگے۔ آخرکار ہمیں یہ سمجھ آیا کہ ہم میاں بیوی سے زیادہ اچھے دوست ہیں،" سیما نے کہا۔
سیما نے مزید وضاحت دی کہ ان کی علیحدگی کا فیصلہ جلدی میں نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر کیا گیا تھا۔ "ہماری روزمرہ کی لڑائیاں اور ناخوشگوار ماحول سے بہتر تھا کہ ہم الگ ہو جائیں۔ ہمیں گھر کا سکون زیادہ ضروری لگنے لگا تھا۔"
سیما نے کہا کہ "کسی بھی عورت کا طلاق کا خواب نہیں ہوتا، نہ ہی وہ خود پر ایسا بوجھ ڈالنا چاہتی ہے۔ میں ڈپریشن میں چلی گئی تھی اور یقیناً میرے بچے بھی اس سے متاثر ہوئے۔ ہمیں یہ فیصلہ کرنے میں کئی سال لگے، اور ہم خاص طور پر بچوں کے لیے صحیح وقت کا انتظار کر رہے تھے۔"
جب سیما سے پوچھا گیا کہ فیصلہ کس نے کیا، تو انہوں نے کہا کہ اس میں کسی پر الزام تراشی نہیں تھی۔
طلاق کے بعد کی زندگی پر بات کرتے ہوئے سیما نے بتایا کہ ان کے لیے سب سے بڑا چیلنج خودمختاری تھی۔ انہیں مالی نظم و نسق، انشورنس اور دیگر ضروریات کے بارے میں نئی چیزیں سیکھنی پڑیں۔
اس وقت سیما سجدیہہ وکرم آہوجا کے ساتھ تعلق میں ہیں، جن سے وہ 1998 میں سہیل خان سے شادی کرنے سے پہلے منگنی کر چکی تھیں۔