کابل: افغانستان کے مختلف صوبوں میں تین روز سے جاری برف باری اور بارشوں نے تباہی مچا دی ہے، جس کے نتیجے میں 61 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، پروان، وردک، قندھار، جوزجان، فاریاب اور بامیان سمیت کئی دیگر علاقوں میں بدھ سے شدید موسم کی لہر جاری ہے۔
برف باری کے باعث اہم سڑکیں بند ہو گئیں ہیں، جس سے عوامی نقل و حرکت متاثر ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ لائیو اسٹاک بھی شدید نقصان سے دوچار ہو چکے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برف باری کا سلسلہ مزید چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، جس سے موجودہ حالات میں مزید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔
حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے، مگر شدید برف باری کے باعث امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔