آئی سی سی کی نئی ٹی 20 رینکنگ جاری، بابر اعظم اور محمد رضوان کی تنزلی

12:04 AM, 24 Jul, 2025

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 فارمیٹ کے کھلاڑیوں کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں پاکستان کے بلے باز بابر اعظم اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو تنزلی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ بدستور ٹی 20 بلے بازوں کی فہرست میں سرفہرست ہیں۔ بھارت کے یشوی جیسوال ایک درجہ بہتری کے بعد نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے شائے ہوپ نے بھی چار درجے ترقی کر کے دسویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

دوسری جانب پاکستان کے بابر اعظم ایک درجہ نیچے آ کر 13ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ محمد رضوان بھی ایک درجہ تنزلی کے بعد 14ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ بنگلہ دیش کے اوپننگ بیٹر تنزید حسن نے 18 درجے ترقی پا کر 37ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔


بولرز کی درجہ بندی میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے 17 درجے بہتری کے بعد نویں نمبر پر جگہ حاصل کی، جبکہ بھارت کے ارشدیپ سنگھ ایک درجہ اوپر جا کر دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھارت کے ہاردک پانڈیا پہلے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز نے سات درجے ترقی کرتے ہوئے دوسری پوزیشن سنبھال لی ہے۔


پاکستانی شائقین کی نظریں اب اگلے بین الاقوامی میچز پر ہیں، جہاں بابر اعظم اور محمد رضوان اپنی کارکردگی سے رینکنگ میں بہتری لا سکتے ہیں۔

مزیدخبریں