ڈونلڈ ٹرمپ کا مختلف ممالک پر 15 سے 50 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

09:53 AM, 24 Jul, 2025

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ اے آئی سمٹ میں اپنے خطاب کے دوران دنیا کے مختلف ممالک پر 15 سے 50 فیصد تک ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ  اپنے تجارتی مفادات کے لیے سخت اقدامات اٹھا رہا ہے۔

یورپی یونین کے ساتھ مذاکرات کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اس وقت سنجیدہ بات چیت کر رہا ہے اور چین کے ساتھ بھی جلد ایک معاہدہ طے پانے والا ہے۔ اس کے علاوہ جاپان کے ساتھ بھی مذاکرات کیے گئے ہیں، جس کے تحت جاپان نے امریکی تجارتی شرائط کے مطابق ٹیرف کو 15 فیصد تک لانے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ وہ توانائی کی قیمتوں کو مزید کم کرنا چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں مختلف ایشیا کے ممالک کے ساتھ معاہدے کر رہے ہیں۔

نیٹو اور یورپی اتحادیوں کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایک ڈیل کے تحت یورپی اتحادی امریکہ کو فوجی سازوسامان کی 100 فیصد ادائیگی کریں گے، اور وہ یوکرین کو ہتھیار بھی فراہم کریں گے۔

مصنوعی ذہانت (AI) کے حوالے سے اپنے خطاب میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ نے مصنوعی ذہانت کی دوڑ کا آغاز کیا ہے اور وہ چین کے مقابلے میں اس میں سبقت لے کر جیت رہا ہے۔ اس دوران انہوں نے 3 ایگزیکٹو آرڈرز پر بھی دستخط کیے ہیں، جو امریکہ کی ٹیکنالوجی اور اقتصادی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

مزیدخبریں