سکردو میں کلاؤڈ برسٹ، شدید سیلاب نے تباہی مچا دی، 49 مکانات منہدم

10:31 AM, 24 Jul, 2025

سکردو : سکردو کے علاقے کندوس میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔ سیلابی ریلے کی زد میں آکر 49 مکانات، 20 دکانیں اور 2 مساجد مکمل طور پر منہدم ہو گئیں۔ علاقے میں مواصلاتی نظام درہم برہم ہوگیا اور سیلاب کی شدت کے باعث رابطہ پل بھی بہہ گیا، جس سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا۔ سیلاب کے دوران سیاحوں سمیت کئی افراد پھنس گئے ہیں۔

سب ڈویژن ڈغونی میں بھی شدید بارشوں کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک لڑکی ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئی۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، لیکن دشوار گزار راستوں اور منقطع رابطوں کی وجہ سے ریسکیو کاموں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

یہ حادثہ ایسے وقت میں پیش آیا جب ضلع دیامر میں دو روز قبل کلاؤڈ برسٹ کے بعد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے بھی تباہی مچائی تھی، جس کے نتیجے میں لودھراں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر، ان کے دیور اور سسر جاں بحق ہوئے، جبکہ ان کا بیٹا ابھی تک لاپتہ ہے۔ امدادی ٹیموں نے فوری طور پر 200 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کر کے چلاس منتقل کیا تھا۔ اس دوران دیامر میں آٹھ کلومیٹر طویل رابطہ سڑک بھی تودوں کی زد میں آکر تباہ ہو گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کی تازہ رپورٹ کے مطابق، ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے دوران 252 افراد کی موت ہو چکی ہے، جن میں 121 بچے، 85 مرد اور 46 خواتین شامل ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 10 افراد جاں بحق ہوئے، اور 13 افراد زخمی ہوئے۔ سب سے زیادہ اموات پنجاب میں 139، خیبرپختونخوا میں 60، سندھ میں 24 اور بلوچستان میں 16 افراد کی رپورٹ ہوئیں۔

ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ہنگامی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، اور متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیاں اور بحالی کے اقدامات کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔

مزیدخبریں