اسلام آباد: وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے سانحہ میں ملوث ملزمان کے خلاف واضح شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود تھیں، جن سے ذمہ داران کا تعین کیا جا سکتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں کہ واقعے میں کون شامل تھا۔
عطا تارڑ نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں بانی تحریک انصاف اپنے حق میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے۔
وزیر اطلاعات نے مطالبہ کیا کہ قوم کو بتایا جائے کہ اربوں روپے کہاں اور کیسے استعمال کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو حق ہے کہ وہ اپنی بات کریں لیکن انہیں یہ بھی بتانا چاہیے کہ ان کے والد کرپشن کیس میں سزا یافتہ ہیں۔
عطا تارڑ نے واضح کیا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس سیاسی نہیں بلکہ قانونی مقدمہ ہے، اور یہ کیس فیکٹ شیٹ کی بنیاد پر لڑا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹے جہاں بھی جائیں، انہیں اس حقیقت سے آگاہ کرنا چاہیے۔