اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سکائی 47 ڈیٹا سینٹر قراقرم ون کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے جدید ترین ڈیٹا سینٹر کو متاثر کن اور قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ غیر معمولی عزم، محنت اور اعلیٰ مہارت کے ساتھ انتہائی مختصر مدت میں مکمل کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مسلسل محنت اور عزم سے بڑے منصوبوں کو حقیقت کا روپ دیا جا سکتا ہے۔ اسکائی 47 جیسے منصوبے پاکستان کے مستقبل کی ضمانت ہیں، جو ملک کی ترقی، سلامتی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی رہنمائی میں اہم اقدامات آگے بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی ملکی تاریخ کا ایک عظیم لمحہ تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سکائی 47 منصوبہ ملک کو جدید اور مضبوط سکیورٹی صلاحیتیں فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر تمام ادارے متحد ہو کر کام کریں تو کوئی بھی ہدف ناقابل حصول نہیں۔
تقریب میں اعلیٰ حکام اور دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر منصوبے کی اہمیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور ملکی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے فروغ پر روشنی ڈالی گئی۔