کشمیر سے میرا رشتہ نسلوں پرانا ہے، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی: مریم نواز کا میرپور جلسے سے خطاب

07:10 PM, 24 Jul, 2026

میرپور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میرپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں "کشمیر کی بیٹی" کہنے پر کچھ لوگوں کو تکلیف ہوئی، لیکن وہ آزاد کشمیر کسی اجنبی جگہ نہیں بلکہ اپنے آباؤ اجداد کے گھر آئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دادا، دادی، نانا اور نانی بھی کشمیری تھے، اس لیے وہ دل اور روح سے کشمیری ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کشمیر کے اصل وارث کشمیر آ گئے ہیں، جبکہ میرپور کے لوگوں نے بیرون ملک محنت کر کے خوبصورت گھر بنائے، تاہم ان گھروں تک پہنچنے کے لیے بہترین سڑکوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے میرپور شہر کی سڑکوں کی خراب حالت کا بھی ذکر کیا۔

جلسے سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے دعویٰ کیا کہ عوام کا جذبہ بتا رہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے جب بھی کوئی وعدہ کیا، اسے پورا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اگر کسی چیز کی کمی ہے تو وہ نوازشریف کی قیادت اور حکومت کی ہے۔ ان کے مطابق میرپور میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ بنانے کا وعدہ بھی نوازشریف نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک اور کشمیر کے لیے ترقیاتی منصوبے دیے، اور اگر ان کی خدمت کے نشان ہٹا دیے جائیں تو پاکستان اور آزاد کشمیر میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچے گا۔

مریم نواز نے مخالفین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنا آسان ہے، صرف زبان ہلانی پڑتی ہے، جبکہ عوامی خدمت کے لیے عملی کام کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کام کرنے کی نیت کی کمی ہے، باقی صرف باتیں کی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے ملک کو روشن کیا اور اب وقت آگیا ہے کہ میرپور میں بھی ترقی اور خوشحالی کے چراغ جلیں۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان ہے تو آزاد کشمیر ہے اور آزاد کشمیر ہے تو پاکستان ہے

مزیدخبریں