تہران :ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سخت الفاظ میں کہا ہے کہ ایران کبھی کسی کی جارحیت کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں واضح کیا کہ دنیا ایران کی تاریخ سے بخوبی واقف ہے اور ایرانی قوم کبھی شکست نہیں کھا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران نے کسی پر ظلم یا نقصان نہیں پہنچایا، بلکہ دفاعی کارروائیاں کی ہیں۔
یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ایران نے شام کے بعد قطر کے دارالحکومت دوحہ اور عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ دوحہ میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور بتایا گیا ہے کہ ایران نے قطر میں امریکی فوجی اڈے العدید پر چھ میزائل فائر کیے۔ میزائل حملوں کے دوران آسمان میں شعلے بھی بلند ہوتے دیکھے گئے۔
قطر نے پہلے ہی اپنے فضائی حدود بند کر دی ہیں اور اپنی سکیورٹی سخت کر دی ہے، اس کے علاوہ متعدد سکول بھی بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ امریکی فوج نے العدید ائیر بیس کو خالی کر دیا ہے تاکہ حملوں سے ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔
اسی طرح ایران نے عراق میں بھی امریکی فوجی اہداف پر حملہ کیا ہے جہاں امریکی فضائی دفاعی نظام فعال کر دیا گیا ہے اور وہاں موجود اہلکاروں کو بنکروں میں جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
قطری حکومت نے امریکی فوجی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ خوش قسمتی سے اس حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
خیال رہے کہ امریکی العدید ایئربیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے۔ ایرانی خبررساں ایجنسی تسنیم نے ان حملوں کو ’آپریشن بشارت فتح‘ کا نام دیا ہے۔