جنگ بندی : قطر اور متحدہ عرب امارات کی فضائی حدود کھل گئیں، فلائٹ آپریشن بحال

10:53 AM, 24 Jun, 2025

دوحہ :  ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے بعد قطر اور متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود دوبارہ کھول دی ہیں اور فلائٹ آپریشن معمول پر آ گیا ہے۔ گزشتہ دنوں ایران کی طرف سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کے بعد دونوں ممالک نے اپنی فضائی حدود بند کر دی تھیں اور تمام ایئرپورٹس کو بند کر دیا گیا تھا۔

فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے کم از کم 26 تجارتی پروازیں متاثر ہوئیں جنہیں یا تو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑنا پڑا یا واپس روانہ ہونا پڑا۔ ایوی ایشن تجزیاتی ادارے سرئیم کے مطابق متاثرہ پروازوں میں سے 22 پروازیں دوحہ کی جانب جا رہی تھیں، جن میں سے 12 قطر ایئرویز کی تھیں، جبکہ باقی پروازیں دبئی کے لیے روانہ تھیں۔

ایوی ایشن حکام نے کہا ہے کہ فضائی حدود کی بندش کا سبب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سکیورٹی خدشات تھے۔ تاہم اب صورتحال مستحکم ہونے کے بعد فلائٹ آپریشن دوبارہ شروع کر دیا گیا ہے۔

مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنی ایئرلائن سے تازہ ترین معلومات حاصل کریں کیونکہ ایوی ایشن حکام اور ایئرلائنز صورت حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں