ملک بھر میں مون سون کا آغاز، شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

02:08 PM, 24 Jun, 2025

اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آج شام، 24 جون سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ شروع ہو رہا ہے، جو 2 جولائی تک جاری رہے گا۔ اس دوران کئی شہروں میں تیز اور بعض مقامات پر شدید بارشیں متوقع ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 25 جون سے لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور شیخوپورہ میں بارشیں ہوں گی جو 29 جون تک جاری رہ سکتی ہیں۔ اسی طرح 26 جون سے 28 جون تک اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے علاقوں ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ اور باجوڑ میں 25 سے 29 جون تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ دیر، ملاکنڈ، بونیر، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان کے کچھ حصوں جیسے ژوب، بارکھان، کوئٹہ، مستونگ اور زیارت کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 25 سے 28 جون تک بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 26 سے 28 جون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔ شہریوں کو احتیاط برتنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں