اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپوزیشن کو میثاق جمہوریت کا حصہ بننے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں تمام سیاسی جماعتوں سے غلطیاں ہوئیں، اب وقت ہے کہ آگے بڑھا جائے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ تمام فریقین کو مل کر جمہوریت کے استحکام کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے اور میثاق جمہوریت پر دستخط کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر دفاع نے پاکستان تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین کے ساتھ سخت رویہ اختیار کیا گیا، یہاں تک کہ اسمبلی میں بھی ہم سے سلام لینے سے گریز کیا جاتا تھا کہ کہیں بانی ناراض نہ ہوجائیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 78 سالہ تاریخ میں پاکستان اور جمہوریت کو سب سے زیادہ نقصان بانی پی ٹی آئی کے دورِ سیاست سے پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کو تسلیم کرکے انہیں درست کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں ایک گھنٹے کے اندر پی ٹی آئی کے حق میں 50 ترامیم منظور کی گئیں، اس لیے تمام سیاسی قوتوں کو ماضی کے اختلافات سے نکل کر جمہوری عمل کو مضبوط بنانا چاہیے۔