کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے صوبے کے تمام تعلیمی اداروں میں قومی ترانہ پڑھنے اور قومی پرچم لہرائے جانے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ہونے والے انتظامی افسران کے اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال اور سروس ڈلیوری پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث سرکاری افسران اور ملازمین کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کمشنرز اور ضلعی افسران کو ہدایات دیں کہ وہ ان افسران کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں جو ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ قومی ترانہ پڑھنے اور قومی پرچم لہرانے کے احکامات کی پابندی نہ کرنے والے تعلیمی اداروں کے سربراہان اپنے عہدوں سے دستبردار ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔