ملکی حالات پر بلاول بھٹو کا خدشہ، دہشت گردی اور سیاسی تفریق پر تنقید

07:26 PM, 24 Mar, 2025

لاہور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردی ملک میں عروج پر ہے اور سیاست میں شدید تقسیم کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں سرگرم ہیں اور ان کے پیچھے بین الاقوامی طاقتیں ملوث ہو سکتی ہیں۔

لاہور میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو اقتصادی مشکلات کا سامنا ہے اور عوام غربت و بے روزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام سیاستدانوں کی طرف دیکھ رہے ہیں اور ان کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے نیشنل سیکیورٹی اجلاس میں بعض سیاسی جماعتوں کی غیر حاضری پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ قومی مسائل پر اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی مفاد میں یکجا ہونا چاہیے۔

انہوں نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ قومی سلامتی پر اجلاس بلایا جائے تاکہ تمام سیاسی جماعتیں مشترکہ فیصلے کر سکیں۔

مزیدخبریں