امن کا مرکز اسلام آباد: خطے سے جنگ کے بادل چھٹنے لگے، پاک سرزمین پر امریکی اور ایرانی قیادت کی آمد متوقع

10:55 AM, 24 Mar, 2026

اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ اور خطے میں جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے بڑی سفارتی کامیابی حاصل کر لی۔ اسلام آباد سے اہم خوش خبری متوقع ہے جہاں پاکستان کی سہولت کاری سے امریکہ اور ایران کے درمیان برف پگھلنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔اسرائیلی میڈیا کی جانب سے کیے گئے دعوے کے مطابق، امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر کی رواں ہفتے ہی اسلام آباد آمد متوقع ہے۔ ان دوروں کا مقصد خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنا اور مذاکرات کے ذریعے تنازعات کا حل تلاش کرنا ہے۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ترجمان دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں ان مذاکرات کی سہولت کاری کی باقاعدہ تصدیق کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کی کوششوں میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں ممالک کے نمائندوں کی آمد کے حوالے سے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق، امریکی نائب صدر اور ایرانی سپیکر کا اسلام آباد میں اکٹھا ہونا پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بڑی فتح ہے۔ اس پیش رفت سے نہ صرف خطے میں جاری جنگی خطرات ٹل جائیں گے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے 'امن ثالث' کے کردار کو بھی پذیرائی ملے گی۔

مزیدخبریں