ڈھاکہ :بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی چیئرپرسن اور سابق وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیاء کی طبیعت بگڑنے کے باعث انہیں ڈھاکا کے ایک ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق، بیگم خالدہ ضیاء کی میڈیکل ٹیم کے رکن اور ذاتی معالج پروفیسر اے زیڈ ایم زاہد حسین نے بتایا کہ یہ فیصلہ خالدہ ضیاء کے علاج کے لیے تشکیل دیے گئے میڈیکل بورڈ کی سفارش پر کیا گیا۔
پروفیسر زاہد حسین کے مطابق، خالدہ ضیاء کو میڈیکل بورڈ کے مشورے پر مختلف اہم ٹیسٹوں کے لیے ہسپتال داخل کیا گیا ہے۔ ٹیسٹ رپورٹس کا جائزہ لینے کے بعد بورڈ اگلے علاج کے اقدامات کا فیصلہ کرے گا۔
سابق وزیرِ اعظم کی حالت سے متعلق تفصیلات دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بیگم خالدہ ضیاء گزشتہ کئی برسوں سے متعدد پیچیدہ بیماریوں کا شکار رہی ہیں، جن میں آرتھرائٹس، ذیابیطس، گردوں کے مسائل، پھیپھڑوں کی تکالیف اور آنکھوں کے امراض شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 79 سالہ بیگم خالدہ ضیاء کو 15 اکتوبر کو بھی ہسپتال لایا گیا تھا، اور ان کی صحت کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔