آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے قیام کو 78 برس مکمل، کشمیری یوم تاسیس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے

11:37 AM, 24 Oct, 2025

مظفرآباد : آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے قیام کو 78 برس مکمل ہوگئے ہیں، اور کشمیری عوام آج یوم تاسیس تجدید عہد کے ساتھ منائیں گے۔ اس دن کی اہمیت اس لحاظ سے بھی ہے کہ یہ تحریک آزادی کشمیر اور پاکستان کے تکمیل کے لیے جدوجہد کرنے والے عظیم شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔

24 اکتوبر 1947ء کو کشمیری عوام نے ظالم ڈوگرہ راج کے خلاف بغاوت کرتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کے ایک حصے کو آزاد کرایا اور آزاد جموں و کشمیر کے نام سے اپنی نمائندہ حکومت قائم کی۔ یہ دن کشمیریوں کی جدوجہد، عزم اور قربانیوں کا نشان ہے، جو آج بھی آزادی کے لیے اپنی جدو جہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے ماہر قانون ملک نصیر اعوان نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر بھارت کا ناجائز قبضہ ہے، اور کشمیری عوام قابض علاقے کی آزادی کے لیے آج بھی اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ آزاد کشمیر سردار شوکت نے اس موقع پر کہا کہ یوم تاسیس کے موقع پر کشمیری اسلاف کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ وہ منزل کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

آج کے دن کشمیری قوم کے عزم، حوصلے اور آزادی کی جدوجہد کی یاد تازہ کی جائے گی اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

مزیدخبریں