انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے علیمہ خان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا

11:23 AM, 24 Oct, 2025

راولپنڈی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے علیمہ خان کو نومبر احتجاج کے مقدمہ میں وارنٹ گرفتاری کے باوجود پیش نہ ہونے پر سنگین اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ عدالت نے علیمہ خان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کو بلاک کرنے اور ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا۔

اس مقدمہ کی سماعت جج امجد علی شاہ کی زیر صدارت ہوئی، جس دوران دس ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، لیکن عمران خان کی بہن علیمہ خان عدالت میں حاضر نہیں ہوئیں۔ اس پر عدالت نے علیمہ خان کے مچلکے ضبط کر لیے اور ان کے ضامن کی مفروری کے باعث ضامن کی جائیداد قرق کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے نادرا کے ڈی جی کو علیمہ خان کا قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے، پاسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو ان کا پاسپورٹ بلاک کرنے اور اسٹیٹ بینک کو ان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ علیمہ خان کو ہر صورت عدالت میں پیش ہونا ہوگا، اور ان کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔مقدمہ کی مزید سماعت 27 اکتوبر کو کی جائے گی۔

مزیدخبریں