کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر شہر کی مرکزی شاہراہوں اور پیدل چلنے والے راستوں کی صفائی و دھلائی مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، میئر کے احکامات پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نے صفائی کا کام شروع کر دیا ہے۔ مہم کے پہلے مرحلے میں فیرئیر ٹاؤن اور شاہ فیصل ٹاؤن میں رات گئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی صفائی اور دھلائی کی گئی۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اس موقع پر کہا کہ کراچی کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہو رہی ہیں اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور بہتر سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام اضلاع میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ نہ صرف کچرا اٹھانے کا عمل جاری رکھے گا بلکہ سڑکوں کی صفائی اور دھلائی بھی باقاعدگی سے کرے گا تاکہ شہر کو ایک خوشنما اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔