مالدیپ: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے مالدیپ کا سرکاری دورہ کیا، جس کے دوران انہوں نے صدر مالدیپ ڈاکٹر محمد معیظ، وزیر دفاع محمد غسان ماؤمون، اور چیف آف ڈیفنس فورس میجر جنرل ابراہیم حلمی سے ملاقاتیں کیں۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں عالمی اور علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور، بشمول دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فریقین نے عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات اور شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مالدیپ کی سول اور عسکری قیادت نے پاک افواج کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو سراہا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی مالدیپ نیشنل ڈیفنس فورس (MNDF) ہیڈکوارٹرز آمد پر بھی انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔