نیویارک: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے نیویارک میں اہم ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان گرمجوش مصافحہ اور خوشگوار ماحول میں غیر رسمی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کے درمیان باضابطہ ملاقات کل واشنگٹن میں طے ہے، جس میں اعلیٰ سیاسی شخصیات اور اہم حکام بھی شریک ہوں گے۔ وزیراعظم آج نیویارک سے واشنگٹن روانہ ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو "امن کا داعی" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا بھر میں امن قائم کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں بھی انہوں نے امن کی کوششوں کا تذکرہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے بھی صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم نے مثبت کردار ادا کیا، جس پر حکومت پاکستان ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہے۔
وزیراعظم کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب خطے میں غزہ، کشمیر اور دیگر عالمی تنازعات کے باعث عالمی قیادت کی توجہ بین الاقوامی امن پر مرکوز ہے۔