ڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں امن کے داعی ہیں ، عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں ، وزیراعظم شہباز شریف

09:44 AM, 24 Sep, 2025

نیویارک: وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں امن کے داعی ہیں اور عالمی سطح پر قیامِ امن کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔

نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں امن کے حوالے سے جو مؤقف اختیار کیا، وہ قابلِ تحسین ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے معاملے میں بھی صدر ٹرمپ اور ان کی ٹیم کا کردار اہم رہا، جس پر وہ ان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

نیویارک میں وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ ان کی آسٹریا کے وفاقی چانسلر کرسچن سٹاکر سے ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم کی ملاقاتیں صرف مغربی رہنماؤں تک محدود نہ رہیں، انہوں نے امیرِ قطر، اردن کے بادشاہ، انڈونیشیا کے صدر اور کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد سے بھی اہم ملاقاتیں کیں۔

کویت کے ولی عہد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت اور لائیو اسٹاک سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا اور اب تک کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر کی جانے والی یہ ملاقاتیں عالمی سطح پر پاکستان کے فعال سفارتی کردار اور مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کی حکمت عملی کا حصہ قرار دی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں