وزیراعظم شہباز شریف کی ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے اہم ملاقات، اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال

10:14 AM, 24 Sep, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ورلڈ بینک گروپ کے صدر اجے بنگا سے ملاقات ہوئی، جس میں اصلاحات اور ترقیاتی شراکت داری کے اہم موضوعات پر گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ بینک کو ایک مؤثر اور تیز رفتار ترقیاتی پارٹنر بنانے میں اجے بنگا کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کورونا وبا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران پاکستان کی مدد پر ورلڈ بینک کا شکریہ ادا کیا۔

شہباز شریف نے ورلڈ بینک کے صدر کو حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا، جس میں وسائل کے بہتر استعمال، توانائی کے شعبے کی اصلاحات، نجکاری اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اصلاحات پاکستان کو معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کی راہ پر لے جا رہی ہیں۔

وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (2026-2035) کو بھی سراہا، جس کے تحت پاکستان کے لیے 40 ارب ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ انہوں نے اس منصوبے کے کامیاب نفاذ کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے قریبی تعاون کا عزم بھی دہرایا۔

اجے بنگا نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو خوش آئند قرار دیا اور ترقی، اقتصادی اصلاحات اور موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں