وزیراعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات، تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

10:29 AM, 24 Sep, 2025

نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے آئی ایم ایف کی پاکستان کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو سراہا اور کہا کہ کرسٹالینا جارجیوا کی قیادت میں یہ تعاون مزید مستحکم ہوا ہے۔

شہباز شریف نے مالی سال 2024 میں فراہم کی گئی 3 ارب ڈالر کی سٹینڈ بائی ارینجمنٹ، 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (EFF) اور 1.4 ارب ڈالر کے ریزیلیئنس اینڈ سسٹین ایبلٹی فنڈ (RSF) کی بروقت فراہمی پر آئی ایم ایف کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پائیدار اصلاحات کی بدولت استحکام کی جانب گامزن ہے اور اب بحالی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف پر پیش رفت جاری ہے، تاہم حالیہ سیلاب کے منفی اثرات کو بھی مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے سیلاب متاثرین کے لیے ہمدردی کا اظہار کیا اور نقصانات کے تخمینے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیراعظم کے مضبوط اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی اور یقین دہانی کرائی کہ آئی ایم ایف پاکستان کی طویل مدتی اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات میں تعاون جاری رکھے گا۔

مزیدخبریں