نادرا نے فیس جمع کرانے کا عمل مزید آسان بنا دیا

04:53 PM, 24 Sep, 2025

اسلام آباد: نادرا نے شہریوں کی سہولت کے لیے فیس جمع کرانے کے طریقہ کار کو آسان اور جدید بنا دیا ہے، جس سے عوام کو بینکوں میں طویل قطاروں میں کھڑا ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

نادرا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق اب شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر خدمات کی فیس موبائل ایپلیکیشنز، آن لائن بینکنگ اور دیگر الیکٹرانک ذرائع کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ نادرا دفاتر میں نقدی کی ادائیگی کی سہولت بھی دستیاب ہے۔

نادرا کے ترجمان نے کہا کہ اس نئے نظام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ فیس کی ادائیگی کا عمل شفاف اور محفوظ بھی ہو جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

واضح رہے کہ قبل ازیں فیس کی ادائیگی کا عمل وقت طلب اور پیچیدہ تھا، جس میں شہریوں کو پہلے چالان بنوانا، پھر بینک میں فیس جمع کرانا اور بعد ازاں نادرا دفاتر میں درخواست جمع کرانی پڑتی تھی۔

یہ اقدام ’ڈیجیٹل پاکستان‘ کے وژن کے تحت سرکاری خدمات کو جدید اور مؤثر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

مزیدخبریں