ایشیا کپ 2025: بھارت نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی

11:37 PM, 24 Sep, 2025

دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے چوتھے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔ اوپنر ابھیشک شرما نے شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 37 گیندوں پر 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ شبمن گل نے 29 رنز بنائے، جبکہ ہاردک پانڈیا نے آخر میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 38 رنز کا اضافہ کیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے رشاد حسین نے دو وکٹیں حاصل کیں، جب کہ مستفیض الرحمٰن، تنظیم حسن اور سیف الدین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم 169 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 127 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ سیف حسین 69 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے، تاہم دیگر کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور 9 بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو پائے۔

بھارت کی طرف سے کلدیپ یادیو نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جب کہ جسپریت بمرا اور ورون چکراورتی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس فتح کے ساتھ بھارت نے ایشیا کپ 2025 کے فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔ اب دوسرے فائنلسٹ کا فیصلہ 25 ستمبر کو پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ہونے والے اہم میچ کے بعد ہوگا۔

یاد رہے کہ سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے اور بنگلہ دیش نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

مزیدخبریں