پرتگال : پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے قومی ٹیم کے لیے کھیلتے رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 41 سالہ سٹار فٹبالر کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ اب کیریئر کے 1000 گولز مکمل کرنے اور پرتگال کے ساتھ نیشنز لیگ کا ٹائٹل جیتنے پر مرکوز ہے۔
رونالڈو اس تاریخی سنگِ میل سے صرف 21 گول دور ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سپین کے ہاتھوں ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد انہوں نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ لینے پر غور کیا تھا، تاہم پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر پیڈرو پروینسا اور نئے ہیڈ کوچ جارجے جیزس سے گفتگو کے بعد انہوں نے اپنا فیصلہ تبدیل کر لیا۔
پرتگال کی جانب سے 233 میچز کھیلنے والے رونالڈو نے کہا کہ وہ اب بھی ٹیم کے لیے گولز سکور کرنے کے ساتھ ساتھ میدان سے باہر بھی اپنی تجربے اور موجودگی سے مدد فراہم کر سکتے ہیں۔ ان کے مطابق جب انہیں محسوس ہوگا کہ ٹیم کو ان کی مزید ضرورت نہیں رہی تو وہ خود قومی ٹیم سے الگ ہو جائیں گے۔
دوسری جانب پرتگال کے نئے کوچ جارجے جیزس نے بھی تصدیق کی ہے کہ رونالڈو ویلز کے خلاف ان کے پہلے میچ میں قومی ٹیم کی جانب سے ابتدائی الیون کا حصہ ہوں گے۔