واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے واشنگٹن میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری اصلاحات اور آئندہ آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کے مسلسل تعاون پر کرسٹالینا جارجیوا کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعمیری شراکت داری کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کو سراہا۔
وزیراعظم نے حکومت کی جانب سے اصلاحاتی ایجنڈے پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی تنازعات اور بیرونی مہنگائی کے دباؤ کے باوجود پاکستان معاشی بحالی کی جانب گامزن ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مالیاتی نظم و ضبط میں بہتری آئی ہے جبکہ بیرونی مالیاتی ذخائر بھی بہتر ہوئے ہیں۔ ملاقات میں معاشی لچک مزید مضبوط بنانے اور آئندہ آئی ایم ایف پروگرام کے جائزے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
دوسری جانب آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان میں جاری اصلاحات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کرسٹالینا جارجیوا کے مطابق اصلاحات پر مضبوط عملدرآمد سے پاکستان میں معاشی استحکام برقرار رکھنے، اعتماد بحال کرنے اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی میں مدد ملی ہے۔
آئی ایم ایف سربراہ نے مزید کہا کہ اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھنے سے پاکستان کی معاشی ترقی میں اضافہ ہوگا اور عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔