اسلام آباد: شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو وفاقی دارالحکومت کی سیر کے لیے جدید اور ماحول دوست الیکٹرک ڈبل ڈیکر بسوں کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا گیا۔
شہری انتظامیہ کے مطابق ڈبل ڈیکر بس سروس کے ذریعے شہری اور سیاح اسلام آباد کے دلکش مناظر اور اہم سیاحتی مقامات کی سیر کرسکیں گے۔ الیکٹرک بسیں دارالحکومت کے 15 سے زائد تفریحی، تاریخی اور سیاحتی مقامات کو آپس میں منسلک کریں گی۔
حکام کے مطابق بس سروس کے روٹ میں لیک ویو پارک، شکرپڑیاں، پاکستان مونومنٹ، فیصل مسجد، دامنِ کوہ اور ڈی چوک سمیت دیگر اہم مقامات شامل ہوں گے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈبل ڈیکر بس سروس شہریوں اور سیاحوں کو اسلام آباد کی خوبصورتی دیکھنے کا ایک منفرد اور جدید موقع فراہم کرے گی۔
الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس میں بیک وقت 90 مسافروں کے سفر کی گنجائش ہوگی، جبکہ ماحول دوست ٹیکنالوجی کے باعث یہ سروس شہر میں پبلک ٹرانسپورٹ کے جدید نظام کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔
سی ڈی اے کے مطابق شہریوں اور سیاحوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ادارے کی اہم ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ الیکٹرک ڈبل ڈیکر بس سروس اسلام آباد کی سیاحت کو مزید پرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔