جرمنی کا علاقائی امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا اعتراف

05:45 PM, 24 Sep, 2026

نیویارک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر جرمن وزیر خارجہ یوہان واڈے پھول سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

دونوں جانب سے پاکستان اور جرمنی کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اعلیٰ سطحی رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

بات چیت میں تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی روابط اور کاروباری شعبوں کے درمیان براہِ راست تعاون بڑھانے کے مختلف طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے دفاع، تعلیم، ہنرمند افرادی قوت اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔

ملاقات میں خطے کی صورتحال اور اہم علاقائی معاملات بھی زیر بحث آئے۔ جرمن وزیر خارجہ نے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کے ذریعے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور پائیدار امن کیلئے عالمی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستان اور جرمنی نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

مزیدخبریں