وزیراعظم کا نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دینے پر زور

05:54 PM, 24 Sep, 2026

نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک بھر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید مہارتوں کی تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات نیویارک میں پاکستانی کمیونٹی اور امریکا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے مختلف وفود سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کہی۔

شہباز شریف نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں میں لیپ ٹاپس اور وظائف کی تقسیم جبکہ کم وسائل رکھنے والے طلبہ کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کیلئے دانش اسکولز کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دانش اسکولز کا منصوبہ انہوں نے پنجاب کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے شروع کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ اب عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کے قیام پر بھی کام کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ مواقع فراہم کرنا ہے۔

شہباز شریف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو ملک کیلئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی صلاحیتیں پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ پاکستان کا مستقبل نوجوان نسل سے وابستہ ہے اور نوجوان ہی ملک کی تقدیر بدلنے میں بنیادی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستانی نوجوانوں نے وزیراعظم کی جانب سے نوجوانوں کی ترقی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہا، بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ اور کاروبار کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کی کوششوں کی تعریف کی۔

مزیدخبریں