پاکستان مالدیپ کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کیلئے پُرعزم ہے: فیلڈ مارشل عاصم منیر

07:41 PM, 24 Sep, 2026

راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ برادرانہ روابط کو مزید وسعت دینے اور دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مالدیپ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران دونوں جانب سے علاقائی سکیورٹی کی صورتحال کے ساتھ ساتھ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون اور دوطرفہ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پُرعزم ہے اور باہمی مفادات کے تحت دونوں ممالک کے درمیان روابط کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مالدیپ کے اسپیکر نے خطے میں امن اور استحکام کے قیام کیلئے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش بھی ظاہر کی۔

اس سے قبل مالدیپ کی پارلیمنٹ کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے قومی اسمبلی کا دورہ بھی کیا، جہاں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران قومی اسمبلی کے پارلیمانی کاکس برائے حقوق اطفال اور مالدیپ کے پارلیمانی وفد کے درمیان بھی اہم ملاقات ہوئی۔ اجلاس کی صدارت پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کی۔

مزیدخبریں