نئی دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایک بار پھر کھیل کو سیاست سے آلودہ کر دیا۔ انتہا پسند مودی حکومت کے دباؤ پر بھارت میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لائیو اسٹریمنگ بند کر دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، فینکوڈ نامی اسپورٹس اسٹریمنگ پلیٹ فارم، جو پی ایس ایل کا ڈیجیٹل اسٹریمنگ پارٹنر تھا، نے پہلگام واقعے کو جواز بناتے ہوئے نہ صرف پی ایس ایل 10 کی نشریات بند کر دی ہیں بلکہ پہلے سے موجود میچز کی جھلکیاں اور دیگر ویڈیوز بھی ہٹا دی ہیں۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 11 اپریل سے شروع ہوا تھا اور 18 مئی تک جاری رہے گا، جس میں شائقین کرکٹ بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس اچانک فیصلے نے بھارتی شائقین کو بھی مایوس کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، بھارت میں پی ایس ایل کے سیٹلائٹ براڈکاسٹنگ پارٹنر "سونی نیٹ ورک" کی جانب سے بھی اس طرح کا اقدام اٹھائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی شائقین اور کرکٹ ماہرین نے اس فیصلے کو کھیل کے دائرے سے باہر ایک سیاسی چال قرار دیا ہے، جس سے نہ صرف کرکٹ کا حسن متاثر ہوتا ہے بلکہ کھیل کو جوڑنے کی بجائے بانٹنے کا ذریعہ بنایا جا رہا ہے۔