پاکستان کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، بھارتی اقدامات کے خلاف سینیٹ میں متفقہ قرارداد منظور

01:06 PM, 25 Apr, 2025

اسلام آباد: بھارت کے حالیہ اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف سینیٹ نے متفقہ قرارداد منظور کر لی ہے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں معمول کی کارروائی روک کر یہ اہم قرارداد منظور کی گئی، جو نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیش کی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتا ہے، اور بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ بھارت کی جانب سے لگائے گئے تمام الزامات مسترد کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے پاکستان کا نام نہیں لیا، کیونکہ کوئی شواہد موجود نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدہ بھارت یکطرفہ طور پر ختم نہیں کر سکتا، کیونکہ اس کی شرائط میں دوطرفہ اتفاق رائے ضروری ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کا پانی ہماری قوم کی لائف لائن ہے، اور قومی سلامتی کمیٹی پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ اگر پانی بند کیا گیا تو یہ جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔ انہوں نے بھارت کو جنوبی ایشیا میں امن و ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ سارک ویزا پر پاکستان میں موجود بھارتی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر سیاسی اتفاق رائے موجود ہے اور اپوزیشن کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان نے 26 ممالک کو بریفنگ دی ہے اور سفارتی رابطے تیز کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج سعودی وزیر خارجہ سے بھی بات چیت ہو گی۔ آخر میں اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور اگر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو ماضی کی طرح بھرپور جواب دیا جائے گا۔

مزیدخبریں