لندن:وزیر دفاع خواجہ آصف نے عالمی برادری کو خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو یہ ایک کھلی جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے، اور جوہری ہتھیار رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان مکمل تصادم کا خطرہ ہے۔
برطانوی ٹی وی سکائی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا کو اس بات کی فکر ہونی چاہیے کہ دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان تصادم کے نتائج سنگین اور تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج ہر صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے اور بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
خواجہ آصف نے مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے حوالے سے بھارت کے پاکستان پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے اس واقعے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کی جانب سے کوئی بھی جارحیت ہوئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور اس کی قیمت بھارت کو چکانی پڑے گی۔