ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی، سالانہ بنیاد پر مہنگائی منفی 3.52 فیصد تک پہنچ گئی

06:17 PM, 25 Apr, 2025

اسلام آباد: مہنگائی سے پریشان عوام کے لیے اچھی خبر، ملک میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل کمی کا رجحان برقرار ہے۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی میں مزید 1.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سالانہ بنیاد پر سینسیٹو پرائس انڈیکس (SPI) منفی 3.52 فیصد کی سطح پر آ گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی، 22 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام جبکہ 11 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں 11.75 فیصد کمی،گندم کے آٹے کی قیمت 5.68 فیصد کم،لہسن 4.66 فیصد، کیلے 3.51 فیصد، پیاز 1.93 فیصد اور چاول 1.58 فیصد سستے ،سرسوں کا تیل، ٹماٹر، بجلی اور ایل پی جی بھی سستی اشیاء میں شامل

آلو 6.94 فیصد مہنگے،انڈے کی قیمت میں 0.66 فیصد اضافہ ،نمک 0.51 فیصد مہنگا ،گڑ، دہی، دال مسور، چنا، سگریٹ اور کپڑوں کی قیمتوں میں بھی معمولی اضافہ
وزیراعظم نے مہنگائی کی شرح میں کمی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ "گزشتہ سال اسی ماہ مہنگائی کی سالانہ شرح 26.94 فیصد تھی، جو اب گھٹ کر منفی 3.52 فیصد تک آ چکی ہے، جو کہ ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔"

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ معاشی بہتری کے ثمرات براہ راست عوام تک منتقل ہوں تاکہ عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے۔

مزیدخبریں