ہری پور :ہری پور کے علاقے پڈھانہ میں ترکِ منشیات کے ایک نجی ادارے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں منشیات کے عادی ایک شخص نے ہتھکڑیوں میں جکڑے ہونے کے باوجود کنویں میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔ پولیس نے واقعے کی اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے ادارے کے سربراہ کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ پڈھانہ میں قائم ایک بحالی مرکز میں پیش آیا جہاں منشیات کے عادی افراد کو مبینہ طور پر زنجیروں اور ہتھکڑیوں میں قید رکھا جاتا ہے۔ ریسکیو ٹیم نے خودکشی کرنے والے شخص کی لاش کنویں سے نکال کر اسپتال منتقل کر دی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ادارے میں 110 منشیات کے عادی افراد موجود تھے، جنہیں جسمانی طور پر باندھ کر رکھا جاتا ہے۔ یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی اس ادارے کی رجسٹریشن منسوخ کروا دی تھی، تاہم ادارے کے منتظم نے عدالتِ عالیہ سے حکمِ امتناعی حاصل کر رکھا تھا۔
واقعے کے بعد پولیس نے ادارے کی صورتحال کا جائزہ لینا شروع کر دیا ہے، جبکہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور سماجی حلقوں نے نجی بحالی مراکز میں موجود غیر انسانی سلوک پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔